کوڑنگل میں نماز استسقاء کا اہتمام

آبادی سے دور جنگل میں نماز کی ادائیگی، مصلیوں کا اژدہام
کوڑنگل 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں جاریہ سال خاطر خواہ بارش نہ ہونے سے بتدریج خشک سالی کے آثار پائے جاتے ہیں۔ نیز اس علاقہ میں مستقل ذخیرہ آب کے ذرائع نہ ہونے سے کسان برادری بارش کے پانی پر ہی اکتفا کرتے ہوئے فصلوں کی آبیاری کرتی ہے۔ غیر اطمینان بخش بلکہ برائے نام بارش ہونے کی وجہ سے کوڑنگل منڈل میں واقع تالاب کنٹوں اور نالوں وغیرہ میں پانی جمع نہ ہونے سے تمام زرخیز زمین بنجر زمین میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انسانوں کے علاوہ مویشیوں کے لئے بھی پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ ہمیشہ لبریز رہنے والے تالاب بھی خشک ہوچکے ہیں۔ کوڑنگل منڈل کے مشہور تالابوں میں کوڑنگل کا بڑا تالاب، انگڑی رائچور کا تالاب، نندی گاؤں کلاں، حسین پور اور حسن آباد وغیرہ کے تالاب خشک ہوگئے ہیں۔ آج بعد نماز جمعہ تمام مساجد کے مصلیوں کی کثیر تعداد جامع مسجد پہنچی۔ جہاں سے تمام مصلیوں نے آبادی سے دور جنگل میں سدنم جھیل کے دامن میں واقع وسیع میدان پہونچ کر نماز استسقاء ادا کی۔ خطیب و امام جامع مسجد مولانا حافظ محمد عبدالرشید نے خطبہ دیا اور امامت کی۔ بعدازاں مولانا موصوف نے باران رحمت کے لئے رقت انگیز دعا کی۔ مسرز سید انور حسین، سلطان محی الدین غوثن اور شاکر قادری نے انتظامات کی راست نگرانی کی۔