کوڑنگل میں جلسہ سیرت النبی ؐ

کوڑنگل۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیرت کمیٹی کوڑنگل کے زیر اہتمام جناب سلطان محی الدین غوثن نائب صدر مجلس انتظامی جامع مسجد کی زیر نگرانی و جناب سید انور حسین صدر کمیٹی کی صدارت میں 2جنوری بروز پنجشنبہ بعد نماز عشاء مولانا محمد عبدالمنان رہبر وجودی چشتی القادری خلیفہ وجودی شاہ نوری ؒ کی قیام گاہ واقع نزد دواخانہ سرکاری عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ؐ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جناب حسین بن احمد قدوس باکرامہ جلسہ کی نظامت کریں گے۔ ظہور قدسی کے زیر عنوان مولانا صفی ماجد پاشاہ قادری شطاری جانشین صوفی علی پاشاہ قادری( پیدپور میدک )مخاطب کریں گے۔ مسرز وحید اسیر، غلام رحمانی، سید عبدالواحد رضا اور اظہربن مقصود وغیرہ ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔

سڑک حادثہ میں شدید زخمی نوجوان فوت
مریال گوڑہ۔یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کچھ دن قبل مریال گوڑہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی 19سالہ نوجوان محمد ایاز کا آج صبح کی اولین ساعتوں میں نمس حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ دن قبل محمد ایاز اپنے ساتھی 20سالہ افروز کے ہمراہ کسی کام سے نلگنڈہ جاکر واپس ہورہے تھے مریال گوڑہ بائی پاس کے قریب مسجد کریم کے روبرو ان کی تیز رفتار ہیرو ہونڈا روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ جس سے ایاز کے سر پر شدید زخم آئے جبکہ ان کے ساتھی افروز معمولی زخمی ہوا۔ ایاز کو فوری حیدرآباد منتقل کردیا گیا نمس میں علاج کے دوران آج وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ میت کو مریال گوڑہ لانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی مریال گوڑہ کے نوجوانوں میں غم کی لہر چھاگئی۔ مرحوم ایاز ترکاری کا کاروبار کرتے تھے۔

مندر میں سرقہ کی واردات
کوٹگیر ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنی منڈل مستقر پر واقع مندر میں چوری کی واردات پیش آئی جبکہ سارق نے مندر میں موجود دو صندوقوں کو توڑ کر اس میں موجود رقم و بطور نذرانہ صندوقوں میں ڈالے گئے طلائی زیورات لیکر فرار ہوگیا۔ حسب معمول صبح سویرے پجاری، مندر پہنچ کر تالہ کھولنے کیلئے جوں ہی ہاتھ بڑھایا تالا ٹوٹا ہوا پایا۔ پجاری نے مندر کے قفل شکنی کی اطلاع صدر انتظامی کمیٹی مندر ودیا راجو کو دی۔ صدر کمیٹی کی شکایت پر سب انسپکٹر مسٹر ہنمنتو مندر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ مندر کمیٹی نے چور اور مشتبہ افراد پر نظر رکھنے حال ہی میں مندر میں سات سی سی کیمرے نصب کئے تھے۔ کیمروں کا جائزہ لینے پر سارق کی تصویر دستیاب ہوئی اور اس کی آمد کا وقت اور مندر میں قیام کا وقفہ تمام سی سی کیمروں میں جمع ہوگیا۔ سارق رات 10.30 بجے مندر میں داخل ہوا اور دیڑھ بجے مندر کی پچھلی دیوار پھاند کر فرار ہوا۔ پولیس سی سی کیمروں کے تصاویر کی مدد سے نامعلوم سارق کی تلاش میں ہے۔