کوڑنگل میں المناک سڑک حادثہ ایک شخص ہلاک ، پانچ شدید زخمی ، جائے حادثہ پر دلخراش منظر

کوڑنگل ۔ /30 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہوگئے ۔ متاثرین کی بتلائی ہوئی تفصیلات کے بموجب سلگاپور ، نارائن کھیڑ سے وابستہ چھ لوگ ذریعہ آٹو رکشہ فالج کے علاج کی خاطر گرمٹکال جارہے تھے کہ کوڑنگل سے تقریباً 8 کلو میٹر فاصلہ پر حیدرآباد بیجاپور بین ریاستی شاہراہ پر انگڑی رائچور اسٹیج کے دامن میں مخالف سمت سے آنے والی برق رفتار لاری نے ٹکر دیدی ۔ جس کی بنا آٹو رکشہ بری طرح الٹ گیا ۔ آٹو میں موجود نظام پیٹ (نارائن کھیڑ) کا جواں سال مسافر چندر نائک پچیس سالہ کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ پانچ لوگ بشمول ایک خاتون شدید زخمی ہوگئے ۔ جائے حادثہ پر دلخراش منظر دکھائی دے رہا تھا ۔ پولیس کوڑنگل نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کرتے ہوئے لاری کو اپنی تحویل میں لے کر نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ سرکاری کوڑنگل منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں کو دواخانہ سے رجوع کیا گیا ۔

کلواکرتی میں ٹریکٹر اور ڈی سی ایم میں تصادم ، ایک شخص ہلاک
کلواکرتی ۔ /30 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی منڈل کے تانڈرا مقام کے پاس ریتی سے بھری ٹریکٹر جو کلواکرتی کے طرف آرہی تھی جبکہ کرانم سامان سے بھرا ڈی سی ایم جو اچم پیٹ کے طرف جارہا ہے آمنے سامنے کے تصادم کے نتیجہ میں 25 سالہ ٹریکٹر ڈرائیور سرینو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ڈی سی ایم ڈرائیور نے راہ فرار اختیار کی ۔ اسی دوران سری سیلم سے آرہی ایک کار نے بھی ٹریکٹر کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں کار ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا جس کو حیدرآباد منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع پاکر کلواکرتی کے جالیندر نے موقع پر پہونچکر لاش کو کلواکرتی سرکاری دواخانہ منتقل کروایا ۔ بعد پوسٹ مارٹم کے نعش کو ورثاء کے حوالہ کردیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔