کونسل کی تین نشستوں کا انتخابی اعلامیہ منسوخ کیا جائے

اتم کمار ریڈی کا مطالبہ، چیف الیکشن کمیشن کو مکتوب ، انتخابی فہرست کی عدم اجرائی
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا سنیل اروڑا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں کونسل کی تین نشستوں کیلئے جاری کردہ انتخابی اعلامیہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مجالس مقامی کی کونسل کی ان نشستوں پر انتخابات کیلئے اعلامیہ فہرست رائے دہندگان کے بغیر کس طرح جاری کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے ابھی تک فہرست رائے دہندگان جاری نہیں کی گئی، پھر کس طرح کسی امیدوار کے حق میں فہرست رائے دہندگان سے تائیدی نام حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 6 مئی کی رات میں اعلامیہ جاری کردیا گیا اور 7 مئی سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کی جانب سے تاحال کوئی ووٹر لسٹ شائع نہیں کی گئی ہے جبکہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے ہر امیدوار کو ضروری ہے کہ وہ کم از کم 10 افراد کی تائید پیش کرے اور ان افراد کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل رہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کے بغیر کسی امیدوار کی تائید کس طرح ممکن ہے ؟ فہرست کی عدم تیاری کے سبب امیدوار 7 اور 8 مئی کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے محروم رہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فہرست رائے دہندگان کب تک تیار ہوگی۔ نومنتخب ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کی فہرست 27 مئی کو تیار ہوگی ، ایسے میں 31 مئی کو پرانے ارکان کے ساتھ انتخابات منعقد کرنا غیر واجبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی اور علاقائی جماعتوں نے چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سے نمائندگی کی تھی اور اعلامیہ کی اجرائی میں خامیوں کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کانگریس اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر دباؤ بناتے ہوئے عجلت میں انتخابی اعلامیہ جاری کرایا۔ کونسل کی تین نشستوں کے لئے سابقہ ارکان کے ساتھ رائے دہی کرانے کا فیصلہ ٹی آر ایس کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔ جاریہ مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر اندرون 6 ماہ کونسل کی تین مخلوعہ نشستوں پر انتخابات ضروری ہوں تو الیکشن کمیشن کو چاہئے تھا کہ وہ ایک گریجویٹ اور دو ٹیچرس نشستوں کے ساتھ مارچ میں چناؤ کراتا۔ مجالس مقامی کی مذکورہ تین کونسل نشستیں ڈسمبر 2018 ء سے مخلوعہ ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی میں سازش کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے 6 مئی کی آدھی رات کو اعلامیہ اور 7 مئی سے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کے فیصلہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتخابی اعلامیہ منسوخ کرتے ہوئے نئی تواریخ کا اعلان کرنا چاہئے ۔