کونر میک گریگر مکسڈ مارشل آرٹس سے سبکدوش

ڈبلن ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر30 سالہ کونر میک گریگر نے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ مک گریگر نے ساتھ ہی کھیل میں اپنے سابق ساتھیوں کیلئے مستقبل میں نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔آئرلینڈ کے میک گریگر سابق الٹیمیٹ فائٹنگ چمپیئن شپ، فیدر ویٹ اور لائٹ ویٹ باکسنگ چمپیئن اورمکسڈ مارشل آرٹس کے بڑے اسٹارز میں سے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں روسی ایم ایم اے فائٹر خبیب نرما گومیدوف کے خلاف شکست کے بعد جھگڑا کرنے پرکونر میک گریگر پر نویڈا ایتھلیٹک کمیشن (این اے سی) نے 6 ماہ کی پابندی اور50 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔کونر میک گریگر کو اپنے مداح سے زبردستی موبائل فون چھین کر پھینکنے کے الزام میں 12 مارچ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں گرفتار کیاگیا تھا۔ میک گریگر فونٹین بلیوماونٹین بیچ سے نکل رہے تھے کہ ایک 22 سالہ شخص نے ان کی تصویر لینے کی کوشش کی جس پر انہوں نے موبائل اٹھا کر پھینک دیا اور اسے کچلنے کی کوشش کی۔ بعدازاں انہوں نے موبائل فون اٹھایا اورچلے گئے اس حرکت پر پولیس نے انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا جس کے بعد میک گریگر کو 12ہزار ڈالرس کا بانڈ بھرنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔