کولگام میں جائے تصادم آرائی کے نزدیک شدید جھڑپیں، 50 زخمی

سری نگر، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے محمد پورہ علاقے میں جائے تصادم آرائی کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں کم سے کم 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بتادیں کہ کولگام کے محمد پورہ علاقے میں بدھ کی علی الصبح سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی جاری ہے جس میں فی الوقت ایک جنگجو کے مارے جانے کی اطلاع ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد پورہ میں جوں ہی طرفین کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی اور اس کی خبر پھیل گئی تو لوگ گھروں سے باہر آئے اور جائے تصادم آرائی کی طرف بڑھنے لگے ۔ لوگوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ شروع کیا تاکہ ملی ٹینسی مخالف آپریشن کو ناکام بنایا جاسکے ۔ تاہم سیکورٹی فورسز نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے پیلٹ، بلٹ اور اشک آور گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 50 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جھڑپوں کے دوران یاور احمد نامی ایک نوجوان کو گولی لگی ہے جبکہ تین دیگر نوجوانوں کی آنکھوں میں پیلٹ کے چھرے لگے ہیں۔ تازہ اطلاعات ملنے تک طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔