کولگام میں تصادم آرائی جاری، ایک جنگجو ہلاک

سری نگر، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے تازی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج، سی آر پی ایف اور سپیشل آپریشن گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی علی الصبح کولگام کے محمد پورہ کے تازی پورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے قریب پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوئوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان جاری تصادم آرائی میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا تاہم مہلوک جنگجو کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے اور آپریشن ہنوز جاری ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ وہاں دو یا تین جنگجو پھنسے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا حکام نے ضلع میں انٹرنیٹ سروس کو احتیاطی طور معطل کیا ہے ۔