کولگام میں تصادم، 2 جنگجو ہلاک

سری نگر،22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گوپالپورہ میں بدھ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین خونین تصادم آرائی میں 2جنگجو مارے گئے ۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع بھر میں موبائیل انٹرنیت خدمات منقطع کرادی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام کے گوپالپورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے مذکورہ علاقے کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب قریب دو بجے محاصرہ میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران فورسز اہلکاروں نے ایک مشتبہ جگہ کو گھیر لیا جس کے بعد طرفین کے مابین تصادم شروع ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ طر فین کے مابین فائرنگ میں میں رات کے قریب تین بجے ایک جنگجو ہلاک ہوا جبکہ دوسرا جنگجو بدھ کی علی الصبح مارا گیا۔ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ظہیر احمد اور عرفان منظور کے بطور بتائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک جنگجوؤں نے چند ماہ قبل ہی حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم آرائی ختم ہوتے ہی نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئی اور علاقے میں ممکنہ احتجاجوں کی روک تھام کے لئے تعینات سیکورٹی فورسز کے ساتھ متصادم ہوئیں۔ آخری اطلاعات ملنے تک نوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔