کولگام : سیکورٹی فورسیس اور احتجاجیوں میںجھڑپیں

سری نگر29اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے بیچ مختلف علاقوں میں نوجوانوں نے پولنگ اسٹیشنوں پر پتھراؤ کیا جس کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی میں چار نوجوان زخمی ہوگئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کولگام کے کجر فرصل علاقے میں نوجوانوں نے پولنگ عملے اور پولنگ بوتھ کی حفاظت پر تعینات سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں فورسز نے آنسو آور گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں چار نوجوان زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کی شناخت خلیف احمد ولد بشیر احمد ساکن مونگ ہال، وسیم احمد ولد غلام احمد، زاہد احمد ولد محمد شفیع اور شاکر احمد ولد فاروق احمد ساکنان کجر فرصل کے بطور ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں کولگام کے قیموہ اور بوگام علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔نوجوانوں نے کیموہ میں سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے فورسز نے اشک آور گیس کے گولے داغے ۔ذرائع نے بتایا کہ کیموہ میں نوجوانوں نے راستوں کو مسدود کیا ہے تاکہ سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی نقل وحمل متاثر ہوسکے ۔بوگام میں نوجوانوں نے گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر پتھراؤ کیا اور وہاں تعینات سیکورٹی فورسز نے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے ۔آخری اطلاعات ملنے تک کولگام کے بعض علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔