کولکتہ اور پنجاب آج فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کے کوشاں

کولکتہ26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کپتان روی چندرن اشون اپنے مانکڈنگ تنازعہ کو پیچھے چھوڑ کر کل یہاں میزبان ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف اپنی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو جیت دلانے اتریں گے ۔ آئی پی ایل ٹورنمنٹ میں راجستھان رائلس کے خلاف افتتاحی میچ میں پنجاب نے14 رنز سے کامیابی درج کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کیا لیکن ٹیم کے کپتان اشون کے ایک فیصلے سے حریف ٹیم کے کھلاڑی جوس بٹلر رن آؤٹ ہو ئے اور بعد میں یہی تنازعہ کی وجہ بن گیا۔ اس فیصلے کے بعد میچ تو ختم ہوگیا ہے لیکن بحث آل راؤنڈ اشون کے فئیرپلے پر پیدا ہو گئی ہے ۔ اشون کا یہ فیصلہ بعد میں ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوا جس نے راجستھان کو170 پر روکتے ہوئے14 رنز کے قریبی فرق سے میچ جیت لیا۔ پنجاب کے کپتان کی کوشش رہے گی کہ وہ کے کے آر کے خلاف بھی اپنی لے کو برقرار رکھ سکے جس نے اپنا پچھلا میچ سن رائزرس حیدرآباد سے چھ وکٹ سے جیتا ہے۔ کے کے آر کیلئے یہ فائدہ مند بھی رہے گا کہ وہ مسلسل دوسرا میچ اپنے گھریلو میدان پر کھیلنے جا رہی ہے اور اس کے لئے ایک مرتبہ پھرگھریلو حالات کا فائدہ رہے گا۔اشون پر ہو رہی تنقید کے درمیان پنجاب کیلئے فتح کے باوجود اگلے میچ میں نئی شروعات اور جیت کی تال برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ پنجاب کے لئے گزشتہ میچ میں کرس گیل سب سے زیادہ کامیاب رہے تھے جنہوں نے47 گیندوں میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگا کر 79 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انہی کی ٹیم کے ساتھی آندرے رسل کے کے آر کے اہم کھلاڑی ہیں اور اگلے میچ میں دونوں کے درمیان مقابلہ دیکھنے والا رہے گا۔ برطانیہ میں30 مئی کو ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ونڈے سے سبکدوشی لینے جا رہے کیریبین طوفان گیل اس وقت حیرت انگیز فارم میں ہیں اور انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں بھی ان کی کارکردگی قابل تعریف رہی ۔ آئی پی ایل کے سب سے جارحانہ کھلاڑی گیل یقینا پنجاب کی بیٹنگ کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور کے کے آر کے بولروں کے لئے وہ خطرہ رہیں گے ۔گیل نے راجستھان کے خلاف زبردست اننگز کھیلی تھی جس میں جے دیو انادکٹ کے خلاف انہوں نے مسلسل چھکے مارے تھے ۔ کولکتہ کے سابق کھلاڑی رہے گیل کے پاس ایڈن گارڈن میں بھی کھیلنے کا اچھا تجربہ ہے جسے عام طور پرا سپن مددگار پچ سمجھا جاتا ہے ۔ مخالف ٹیم میں رسل اپنے ہم وطن گیل کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ رسل نے بھی حیدرآباد کے خلاف19 گیندوں میں ناٹ آؤٹ49 رنزکی عجیب اننگز کھیلی تھی۔ گزشتہ میچ میں کے کے آر کے اسپنر سنیل نارائن زخمی ہو گئے تھے اور فی الحال ان کے کھیلنے پر صورت حال واضح نہیں ہے ۔ کے کے آر کا اپنے گھریلو میدان پر بہترین ریکارڈ رہا ہے اور اس کی کوشش اس تال کو برقرار رکھنے کی رہے گی۔ کپتان دنیش کارتک، کارلاوس بریتھویٹ، رابن اتھپا جیسے اسٹار کھلاڑیوں کی ٹیم کے کے کے آر کا مجموعہ کافی مضبوط ہے ۔ وہیں پنجاب ایک بار پھر گیل، سرفراز خان، لوکیش راہول جیسے بیٹسمینوں اوراشون، سیم کیرن، مجیب الرحمن جیسے بولروں پر انحصار کرے گی۔