کولمبو ٹسٹ میں سری لنکا فاتح، سیریز کا اسکور 1-1

میزبانوں کے اسکور 153/3 پر پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست ۔ پیس بولر پرساد کو میچ ایوارڈ
کولمبو ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میں آج 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہاں پی سارا اوول اسٹیڈیم میں پانچویں روز کا کھیل بارش کے باعث کچھ تاخیر سے شروع ہوا، تاہم آغاز ہوتے ہی میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے تیزی کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور 153 رنز کے ہدف کو صرف 26.3 اوورز میں باآسانی تین وکٹ کے نقصان پر پالیا۔ کرونارتنے نے 50، کپتان انجیلو میتھیوز نے 43 ناٹ آؤٹ اور اوپنر وٹھاناگے نے 34 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ذوالفقاربابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پورے ٹسٹ میں سات وکٹیں لینے والے دھمیکا پرساد کو ’مین آف دی میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ گال میں منعقدہ پہلا ٹسٹ پاکستان نے 10 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ سیریز کا تیسرا و آخری ٹسٹ پالی کیلے میں 3 جولائی سے کھیلا جائے گا۔ قبل ازیںچوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا تھا جبکہ پاکستان کی دوسری اننگز 329 رنز پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں ان کا اسکور 138 اور سری لنکا کا 315 رہا تھا۔