کورٹلہ میں برقی خلل سے انتخابی مراکز پر مشکلات

کورٹلہ۔یکم مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ میں پارلیمنٹ و اسمبلی انتخابات کا پرامن انعقاد عمل میں آیا۔ صبح 7بجے سے پولنگ بوتھس پر ووٹرس قطار میں کھرے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ کئی ووٹرس کو ووٹر سلپ نہ ملنے پر ان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولنگ کے اوقات میں برقی سربراہی میں خلل پر چند انتخابی مراکز پر انتخابی عملہ کو کافی مشکلات پیش آئیں۔ مدھو یشکی گوڑ کانگریس آئی امیدوار حلقہ پارلیمنٹ، کومی ریڈی راملو کانگریس آئی امیدوار حلقہ اسمبلی کورٹلہ، کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ ٹی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی کورٹلہ، کلوا کنٹلہ کویتا ٹی آر ایس امیدوار حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد، بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار سورابی بھوم راؤ، جناب جواڈی نرسنگ راؤ آزادامیدوار حلقہ اسمبلی کورٹلہ نے مختلف پولنگ مراکز پہنچ کر پولنگ کا جائزہ لیا۔ کورٹلہ منڈل کے یقین پور گاؤں میںکانگریس، ٹی آر ایس پارٹی اور کانسٹبل میں کافی بحث و تکرار ہوئی۔ ٹی آر ایس پارٹی اور کانگریس آئی پارٹی کے حامیوں نے 200میٹر کی دوری پر کانگریس آئی اور ٹی آر ایس پارٹی کا انتخابی پرچار کیا۔ پولیس کانسٹبل نے کانگریس اور ٹی آر ایس پارٹی قائدین سے نمونہ کے بیالٹ پیپر چھین لئے۔ جبکہ آزاد امیدوار کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے مقامی قائدین کی جانب سے نمونہ بیلٹ پیپر پولنگ مراکز کے قریب دکھائے جانے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ جس پر ٹی آر ایس اور کانگریس آئی پارٹی کے قائدین نے پولیس کے رویہ کی سرزنش کی۔ انیل کمار سب انسپکٹر پولیس کورٹلہ کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع ہوا۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی کورٹلہ میں 74.89 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ جناب شنکر کمار الیکشن آفیسر نے چہارشنبہ کے دن یہ بات کہی۔ جملہ 218343 ووٹرس کے منجملہ 141135ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ کورٹلہ منڈل میں 73444 کے منجملہ 48333 ووٹرس نے مٹ پلی منڈل میں 63682 ووٹرس کے منجملہ28173 ووٹرس ملاپور منڈل میں 38605ووٹرس کے منجملہ 29154 ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔