کوئٹہ میں بم ناکارہ بناتے وقت دھماکہ، 2ہلاک

اسلام آباد، 14فروری (سیاست ڈاٹ کام) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بم ناکارہ بناتے ہوئے دھماکے میں بی ڈی ایس کمانڈر سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔سریاب روڈ پر بم ناکارہ بناتے ہوئے ہونے والے دھماکے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کے کمانڈر اور ان کے محافظ ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بی ڈی ایس کی ٹیم نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے نصب کیا گیا بم ناکارہ بنا رہی تھی کہ اس دوران وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ ناکارہ بنایا جانے والا بم 20 کلو وزنی تھا جسے سریاب پُل کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع نے کہا کہ زوردار دھماکے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ زخمیوں کو طبی علاج کے لیے کوئٹہ کے سول ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔
سلامتی کونسل کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربہ کی مذمت
اقوام متحدہ، 14فروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے گزشتہ ہفتے کے آخر میں میزائل تجربہ کی مذمت کی ہے ۔سلامتی کونسل کے ارکان کے مطابق سلامتی کونسل شمالی کوریا کے اس اقدام کی سخت لہجے میں مذمت کرتی ہے ۔اقوام متحدہ میں برطانوی سفیر میتھیو ریکرافٹ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین متفقہ طور پر شمالی کوریا کے اس اقدام کی سخت لہجے میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ اجلاس امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ امریکہ اور روس سمیت تمام ممالک شمالی کوریا کے میزائل تجربہ کی تنقید کر چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سخت لہجے میں کہا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا سے سختی کے ساتھ پیش آئے گا۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘کے سی این اے ‘ نے اسے کامیاب تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ‘کوریئن اسٹائل کا ایک نیا اسٹریٹیجک سسٹم ہے ‘ اور اس تجربے کو رہنما کم جونگ اُن نے بھی دیکھا۔