کم عمر لڑکی کا اغواء و عصمت ریزی پر ایک شخص گرفتار

ملزم کے خلاف پوسکو ایکٹ و دیگر مقدمات ، مادھا پور پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) مادھاپور پولیس نے کم عمر لڑکی کا اغواء اور اس کی عصمت ریزی میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 جولائی کو 15 سالہ کم عمر لڑکی کی ماں نے مادھاپور پولیس سے اپنی بیٹی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی اور اپنے ایک قریبی رشتہ کے بیٹے ببلو کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا ۔مادھاپور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور لڑکی کی تلاش شروع کردی تھی ۔ /23 اگست کو متاثرہ لڑکی اپنے ماں باپ کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچکر ببلو کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ اسے ببلو نے شہر سے کرناٹک منتقل کرنے کے بعد اس کا جنسی استحصال کیا ۔ متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں کہا کہ اسے تین ہفتوں تک کمرہ میں محروس رکھا گیا تھا ۔ پولیس مادھوپور نے لڑکی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے شمس آباد کی شی ٹیم سے لڑکی کا بیان قلمبند کروایا اور اس کا طبی معائنہ بھی کروایا ۔ مادھاپور پولیس نے ببلو کو پوسکو ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔