کم جونگ اُن اہلیہ وہمشیرہ کے ہمراہ میک اَپ فیکٹری کیوں جا پہنچے؟

سیئول۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن نے اپنی اہلیہ ری سول جو اور بہن کم یو جونگ کے ہمراہ پیانگ یانگ میں ایک کاسمیکٹس فیکٹری کادورہ کیا ہے۔سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ تصاویر میں ان دونوں خواتین کو دیکھا جا سکتا ہے جو عوامی مقامات پر کم ہی نظر آتی ہیں۔شمالی کوریا کے رہنما کی بہن کو حال ہی میں حکومت میں اہم عہدہ دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی پابندیوں کے کئی مراحل کے بعد شمالی کوریا میں درآمد شدہ غیر ملکی اشیائے تعیش کی قلت ہو گئی ہے۔پابندیوں کی وجہ سے گذشتہ چند برسوں کے دوران کئی ممالک نے شمالی کوریا میں پرتعیش اشیا کی کاروباری بنیادوں پر فراہمی بند کر دی ہے۔بظاہر شمالی کوریا نے کاسمیٹکس کی اپنی صنعت تیار کر لی ہے جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ اس میں مقامی مہنگے برانڈز کی اشیا بنائی جا رہی ہیں۔ ان برانڈز میں بومہیانگی اور انہاسو بھی شامل ہیں جو صارفین میں بہت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔