کمل ناتھ نے مودی کو ہدف تنقید بنایا

بھوپال ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گجرات میں بے موسم بارش اور طوفان سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد مہیا کرانے کی کوششوں سے متعلق ٹوئٹ کئے جانے کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بھی اس سے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور وزیراعظم کی دلی ہمدردی صرف گجرات کے لوگوں تک ہی محدود کیوں ہیں؟مسٹر مودی نے آج صبح اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ گجرات میں بے موسم بارش اور طوفان میں لوگوں کی جانی ومالی نقصان کی خبر سے دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی مار جھیلنے والے لوگوں کی ہر ممکن مدد پہنچائی جارہی ہے ۔