کمسن بچوں کو حاصل کرنے سابق جج کی بہو کی ہنگامہ آرائی

حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کے شعبہ بھروسہ سنٹر میں آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک سابقہ جج کی بہو نے اپنے بچوں کو حاصل کرنے کے لئے مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی کی۔ ہائیکورٹ ریٹائرڈجج مورتی رام موہن راؤ کی بہو سندھو شرما نے اپنے شوہر وشست اور دیگر سسرالی رشتہ داروں بشمول سابقہ جج کے خلاف مزید جہیز کیلئے ہراسانی اور اُسے تنگ کرنے کا ایک مقدمہ سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کے ویمن پولیس اسٹیشن میں درج کروایا تھا اور کل سابقہ جج کے مکان کے روبرو احتجاج بھی کرتے ہوئے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ چائیلڈ لائن کے عہدیداروں نے دیڑھ سالہ شیرخوار بچی کو سندھو شرما کے حوالہ کردیا تھا جبکہ 3 سالہ لڑکی کو اُس کے حوالہ کرنے کے لئے بھروسہ سنٹر طلب کیا تھا۔ سابقہ جج کے بیٹے وشست اپنی تین سالہ بیٹے کے ساتھ بھروسہ سنٹر پہونچا تھا کہ سندھو شرما اور دیگر خواتین کی تنظیموں نے وہاں پر ہنگامہ آرائی کی۔ مکان واپس لوٹنے کے دوران وشست کی گاڑی بھی روکنے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجہ میں پولیس سیف آباد نے احتجاج کرنے والوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔