مذہبی خبریں

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی چنچل گوڑہ میں انٹرنیشنل بیت المقدس کانفرنس

عالم دین مولانا محمد فروغ القادری (لندن)، مولانا محمد روح الامین (مدھیہ پردیش) کی شرکت

حیدرآباد 2 ڈسمبر (راست) جناب محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) و ڈاکٹر محمد عظمت رسول کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام برصغیر ہند کی پہلی انٹرنیشنل بیت المقدس کانفرنس 12 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر منعقد ہوگی۔ سرپرستی مولانا عبداللہ قریشی الازہری، نگرانی مولانا سید شاہ محمد قادری ملتانی، حمایت مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی، قیادت مولانا محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ اس کانفرنس میں دنیائے اسلام کی چار مایہ ناز علمی شخصیات کے علاوہ مسجد اقصیٰ کی حرمت و عظمت اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حقوق کیلئے خطابات ہوں گے۔ نیز مہمان خصوصی کی حیثیت سے سفیر مملکت فلسطین بھی خطاب کریں گے۔ مہمان مقررین کرام سرزمین بنگلہ دیش کی عظیم علمی شخصیت، عالم دین، مفکر اسلام مولانا ڈاکٹر سید ارشاد احمد بخاری (ڈائرکٹر جنرل اسلامک ریسرچ سنٹر بنگلہ دیش، بانی و صدر ویمنس اسلامک مشن اسوسی ایشن آف اسلامک چیارٹیبل پراجکٹس بنگلہ دیش)، عالم دین مفکر اسلام مولانا شیخ غلام رسول حامی (بانی و امیر کاروان اسلامی اہلسنت والجماعت جموں و کشمیر، پروفیسر چانسلر شیخ العالم ریسرچ یونیورسٹی و صدر مسلم اسکالرس اسوسی ایشن) ، لندن کی عظیم علمی شخصیت مولانا محمد فروغ القادری (سکریٹری جنرل ورلڈ اسلامک مشن) و شمالی ہند کے عالم دین مفکر اسلام مولانا محمد روح الامین قادری (مدھیہ پردیش) کے خطابات ہوں گے۔ مقامی علماء کرام میں مولانا ڈاکٹر سید شاہ معزالدین قادری شرفی، مفتی ذاکر حسین نوری فنا القادری، مولانا محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی، کامل جامعہ نظامیہ) ، ڈاکٹر نادر المسدوسی، مولانا اقبال رضوی القادری کے خطابات ہوں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر تنویرالدین خدانمائی، مولانا سید شاہ محمد حسینی پیر قادری طاہری، مولانا ڈاکٹر محمد اخلاق شرفی شرکت کریں گے۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ایڈوکیٹ ہوں گے۔ کانفرنس کا آغاز حافظ صلاح الدین جاوید کی قرأت سے ہوگا۔ حافظ و قاری ملک اسمٰعیل علی خاں، محمد عمران رضا، محمد داؤد ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی انجام دیں گے۔ مسلمانان دکن نے ہمیشہ سے ہی فلسطینی مسلمانوں کے حقوق کے لئے اپنی گرانقدر خدمات انجام دی ہے جو سارے عالم میں اپنے آپ ایک مثال ہے۔ الحمدللہ رحمت عالم کمیٹی مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور مظلوم فلسطینیوں کی آواز بن کر سارے عالم کو بتانا چاہتی ہے کہ فلسطینی مسلمان تنہا نہیں ہیں بلکہ سارے عالم کے مسلمان اُن کے ساتھ ہیں۔ اسی مقصد کے تحت اس عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ علماء کرام، مشائخین عظام، دانشوران قوم و ملت اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء اے پی کے بموجب 3 دسمبر روز جمعرات مولانا عبدالملک المظاہری بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں جب کہ مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔

جلسہ یاد سید شاہ افضل بیابانیؒ و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : بزم فیضان رضوان کے زیر اہتمام 3 دسمبر کو بعد نماز عشاء اردو گھر مغل پورہ نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ نگرانی ڈاکٹر عقیل ہاشمی کریں گے ۔ شعراء کرام مسرس جلال عارف ، صادق نوید ، شفیع اقبال ، مسرور عابدی ، اسلم فرشوری ، ڈاکٹر ناقد رزاقی ، سردار سلیم ، یوسف روش ، حلیم بابر ، مولانا نادر المسدوسی ، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری ، ڈاکٹر نعیم قادری ، حامد رضوی ، باقر تحسین ، مسعود محشر ، تاج مسطر ، اجمل محسن ورنگل ، ڈاکٹر فرید الدین صادق ، تشکیل رزاقی ، قابل حیدرآبادی ، انجم شافعی ، شفیع ، اسمعیل صابر ، قاری انیس احمد قادری شرفی ، ڈاکٹر معین افروز ، سہیل عظیم ، رضوان بیابانی ، دیگر شعراء کلام سنائیں گے ۔ مشاعرہ کی نظامت کے فرائض جناب شفیع اقبال انجام دیں گے ۔۔

دینی مدارس میں اردو امتحانات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کی سرپرستی میں اردو دانی ، زبان دانی ، اردو انشاء کے امتحانات 24 جنوری 2016 کو مدرسہ تعلیم القرآن حمال واڑی علی آباد مدرسہ تعلیم القرآن فاطمہ نگر ، مدرسہ مدینتہ الرسول وٹے پلی فاطمہ نگر ، مدرسہ فرزانہ اعجاز اکبر کالونی ، مدرسہ تعلیم للبنات ہمت پورہ میں منعقد ہوں گے ۔ اردو تعلیم سے ناواقف طلباء ، طالبات و خواتین ، ہوٹلوں اور دوکانات میں کام کرنے والے ورکرس کے لیے مفت اردو تعلیم اور کتابوں کی مفت تقسیم کا انتظام ہے ۔ تعلیم القرآن ایجوکیشنل سوسائٹی بیرون علی آباد سے راست یا فون نمبر 9248876827 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 3 دسمبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد مشتاق کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

 

سنی دعوت اسلامی کا ممبئی میں اجتماع
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : مفتی محمد عبدالعزیز قادری مبلغ سنی دعوت اسلامی و رکن شوری تلنگانہ و آندھرا پردیش کی اطلاع کے بموجب عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کا مرکزی عالمی سالانہ سنی اجتماع 11 ، 12 ، 13 دسمبر آزاد میدان ممبئی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا قمر الزماں خاں اعظمی سرپرست سنی دعوت اسلامی جنرل سکریٹری ورلڈ اسلامک مشن برطانیہ و مولانامحمد شاکر علی نوری امیر عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی ، مولانا سید امین القادری کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ ثنا خواں رسول بلبل باغ مدینہ مولانا قاری رضوان خاں قادری نائب امیر سنی دعوت اسلامی کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی کا عرس شریف و سالانہ فاتحہ حضرۃ بڑی پیرانی ماں صاحبہ ( محل مبارک حضرت ابوالقاسم شاہ سید عبدالوہاب حسینی القادری الملتانی المعروف وہاب پاشاہ ) 3 دسمبر بروز جمعرات زیر سرپرستی مولانا ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی سجادہ نشین اور زیر نگرانی مولانا شاہ سید عبدالرزاق حسینی القادری الملتانی المعروف سید منیر الدین حسینی خلیفہ ، جانشین و نامزد سجادہ نشین درگاہ پیر قطب المشائخ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی محقق امام پورہ شریف مقرر ہے ۔ تقاریب عرس شریف کا آغاز قیام گاہ سجادہ نشین محلہ سمتا کالونی بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم سے ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف برمزار معز ؒ گل افشانی و فاتحہ ہوگی ۔۔
٭٭    حضرت سید شاہ ندیم اللہ چشتی القادریؒ کا دو روزہ عرس شریف 3 اور 4 دسمبر درگاہ شریف کشن باغ میں مقرر ہے ۔ 3 دسمبر کو بعد نماز مغرب صندل مالی اور محفل سماع رات نو بجے شب تک رہے گا جب کہ 4 دسمبر کو بعد نماز مغرب تا دو بجے شب تک محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔۔

مناسک عمرہ و آداب زیارت پر خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( راست ) : جامع مسجد جعفریہ صنعت نگر میں قبل نماز جمعہ 4 دسمبر مفتی سید ضیا الدین نقشبندی کا بعنوان ’مناسک عمرہ و آداب زیارت ‘ خطاب ہوگا ۔۔

 

اعراس شریف
٭ حضرت پیر سید سلیم شاہ قادری چشتیؒ واقع حبیب فاطمہ نگر ، رحمت نگر بورا بنڈہ میں 3 ، 4 ، 5 ڈسمبر عرس شریف مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق 3 ڈسمبر کو غسل شریف بعد فجر مقرر ہے۔ 4 ڈسمبر بروز جمعہ بعد نماز عشاء جلوس صندل مسجد سری رام نگر سے روانہ ہوکر بعد نماز عشاء درگاہ شریف پہونچے گا۔ 5 ڈسمبر بروز ہفتہ بعد مغرب محفل چراغاں و پیشکشی غلاف و چادرگل و تقسیم تبرکات بعد نماز عشاء مقرر ہے۔
٭ خلیفہ حضرت قدیرؒ ، حضرت پیر سید امیر شاہ قادریؒ واقع قادری چمن کولار کرناٹک میں 3 ، 4 ، 5 ڈسمبر کو مقرر ہے۔ 3 ڈسمبر کو نورانی صندل، 4 ڈسمبر کو صندل شریف، 5 ڈسمبر کو جشن چراغاں و جلسہ فیضان اولیاء اور محفل قوالی ہوگی۔
٭ عرس شریف حضرت خواجہ سید امیرالدین شاہ چشتی مرزائی قلندریؒ واقع آغاپورہ اندرون درگاہ حضرت سردار بیگ صاحب قبلہؒ میں 8 ، 9 ، 10 ربیع الاول کو مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق 8 ربیع الاول کو صندل شریف، 9 ربیع الاول کو چراغاں میں محفل سماع ہوگی۔ 10 ربیع الاول کو ختم شریف، سماع ، قل ہوگی۔