کلبھوشن جادھو کیخلاف ٹھوس ثبوت موجود : پاک وزیرخارجہ

اسلام آباد ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ جیت لے گا۔ملتان میں جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے پاس انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور امید ہے کہ ہم یہ مقدمہ جیت لیں گے۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا ’ہم پوری کوشش کریں گے کہ عالمی عدالتِ انصاف کے سامنے اپنا موقف بھرپور طریقے سے پیش کریں‘۔شاہ محمود قریشی کا یہ بیان عالمی عدالتِ انصاف کی جانب سے کلبھوشن جادھو کے مقدمے کی سماعت فروری سنہ 2019 میں کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔پاکستان کے خفیہ اداروں نے انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کو تین مارچ سنہ 2016 کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا تھا۔پاکستانی فوج نے گرفتار ہونے والے انڈین جاسوس کا ویڈیو بیان میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا جس میں کلبھوشن یادو نامی شخص نے اعتراف کیا تھا کہ وہ انڈین بحریہ کے حاضر سروس افسر ہیں اور وہ انڈیا کی ایجنسی را کیلئے کام کر رہے تھے۔ویڈیو کے آغاز میں ہی انڈیا کے مبینہ جاسوس کلبھوشن جادھو نے بتایا کہ انھوں نے 1991 میں انڈین بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔