کلاس شروع ہونے سے قبل طلباء سے پرنسپل کا مصافحہ یا بغلگیر ہونے کا خیر سگالی طریقہ

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سوشیل ویلفیر اسکول کی ایک پرنسپل کی جانب سے صبح کی کلاس شروع ہونے سے قبل طلباء سے مصافحہ کرنے یا بغلگیر ہونے کا خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس سے طلباء کے اندر اخلاقی حوصلہ افزائی پیدا ہورہی ہے ۔ پرنسپل کے اس طریقہ کار کی عہدیداروں نے زبردست ستائش کی ۔ پرنسپل کے خوشگوار رویہ سے طلباء کا اعتماد بڑھا ہے ۔ پرنسپل ایس روپا کو یوٹیوب ویڈیو کلپ سے ترغیب حاصل ہوئی جس میں ایک ٹیچر کو پرائمری اسکول کے بچوں کے ساتھ اسی طریقہ سے حوصلہ بڑھاتے ہوئے بتایا گیا ہے ۔ ایس روپا تلنگانہ کے ضلع یدادری بھونگیر میں اڈاگوڈرو مقام پر واقع تلنگانہ سوشیل ویلفیر ریزیڈنشیل اسکول کی پرنسپل ہیں ۔ انہوں نے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کا صبح کی کلاس شروع ہونے سے قبل استقبال کرتے ہوئے ان سے مصافحہ یا بغلگیر ہونا یا ہائی فائیو یا مُکہ سے مُکہ کا ٹکراؤ جیسے خیر سگالی عمل کا آغاز کیا ۔ اس سے طلباء میں مسرت پیدا ہوئی اور پرنسپل کے اس جذبہ خیر سگالی سے متاثر ہوئے ۔۔