کشیدگی کو کم کرنے بات چیت ، پاکستان کی تجویز

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ڈی جی ایم او سطح پر ہندوستان کے ساتھ بات چیت کیلئے تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، جو آخری بار ڈسمبر 2013ء میں منعقد کی گئی تھی، ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق لائن آف کنٹرول اور سرحد کے پاس کشیدگی کو گھٹانے کیلئے تازہ اعتماد سازی اقدامات کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ رپورٹ ایک روز بعد سامنے آئی جبکہ پاکستان نے کہا کہ اس کے چار سپاہی ایل او سی کے پار ہندوستان کی سرحد پار فائرنگ میں ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔ تاہم انڈین آرمی نے کہا کہ اس کی جوابی فائرنگ میں 7 پاکستانی سپاہیوں کی ہلاکت ہوئی۔ پاکستان کی وزارت دفاع کے عہدیدار نے گذشتہ روز ایک میٹنگ میں سینیٹ کی ڈیفنس کمیٹی کو بتایا کہ ڈی جی ایم اوز (ڈائرکٹر جنرلس آف ملٹری آپریشنس) کی میٹنگ کی تجویز زیرغور ہے۔ انہوں نے سینیٹرس کو ہندوستان کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے تازہ رجحانات کے تعلق سے بھی بریفنگ دی۔ اس رپورٹ کے مطابق زیرغوراعتماد سازی اقدامات میں سے ایک یہ ہیکہ ڈی جی ایم اوز کی میٹنگ منعقد کی جائے تاکہ ایل او سی کے پاس اسلحہ کے استعمال میں کمی لائی جاسکے۔ پاکستان ۔ انڈیا ڈی جی ایم اوز کا اکثر و بیشتر ہاٹ لائن پر رابطہ رکھتا ہے لیکن ان کی آخری دوبدو ملاقات چار سال قبل واگھا میں ہوئی تھی جو لاہور اور امرتسر کے درمیان ٹرانزٹ ٹرمنل کے طور پر کام کرنے والا گاؤں ہے۔