کشن ریڈی کی سیاسی ترقی ، مرکزی وزیر بن گئے

وزیر داخلہ امیت شاہ کے ماتحت مملکتی وزیر کا رول نبھائیں گے
حیدرآباد /31 مئی ( سیاست نیوز ) جی کشن ریڈی جنہیں مرکزی وزارت امور داخلہ میں منسٹر آف اسٹیٹ کا درجہ حاصل ہوا ہے ، وہ تلنگانہ میں بی جے پی کے نمایاں چہروں میں سے ہیں ۔ تین مرتبہ کے ایم ایل اے کشن ریڈی پہلی بار حلقہ سکندرآباد سے ایم پی بنے ہیں ۔ سکندرآباد تلنگانہ کے ریاستی دارالحکومت کے دو حلقوں میں سے ہے ۔ دیگر حلقہ حیدرآباد ہے ۔ معمولی پارٹی ورکر کی حیثیت سے اپنا سیاسی کیریر شروع کرتے ہوئے کشن ریڈی نے محنت ، حوصلہ اور عزم مصمم سے اونچی منزل تک رسائی حاصل کی ہے ۔ 58 سالہ کشن ریڈی کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے ۔ انہوں نے سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹول ڈیزائنس حیدرآباد سے ٹول ڈائزائن میں ڈپلوما کیا ہے ۔ وہ غیر منقسم آندھراپردیش میں دو میعاد تک بی جے پی کی اسٹیٹ یونٹ کے صدر بھی رہے ہیں ۔ 2004 میں پہلی بار آندھراپردیش اسمبلی کیلئے حلقہ حمایت نگر سے منتخب ہوئے ۔ نئے حد بندی کے بعد 2009 میں وہ عنبرپیٹ سے چناؤ لڑے اور اس حلقہ سے دو مرتبہ ایم ایل اے بنے ۔ کشن ریڈی دونوں ریاستی اسمبلیوں میں پارٹی کے فلور لیڈر بھی رہے ۔ انہیں گذشتہ سال ڈسمبر میں منعقدہ ریاستی اسمبلی چناؤ میں عنبرپیٹ سے شکست ہوئی تھی ۔