کشن باغ فساد کے بے قصور مسلمانوںکی رہائی کیلئے کامیاب جدوجہد پر اظہارتشکر

حیدرآباد ۔ 31 مئی ( سیاست نیوز) حالیہ منصوبہ بند یکطرفہ فساد جس میں جانی و مالی نقصانات مسلمانوں کے ہی ہوئے۔ طرفہ تماشہ یہ کہ ان مسلمانوں کو گرفتار کیا جن کے مکانات مکمل طور پر جلا کر خاکستر کردیئے گئے۔ منصوبہ بند فساد کے دوران معصوم مسلمانوں کو غیرقانونی طریقہ سے گرفتار کرتے ہوئے گذشتہ 21 مئی کی رات سے پولیس راجندر نگر نے محمد جہانگیر ولد محمد یعقوب، شیخ عبدالقادر ولد شیخ عبدالمجید، شیخ عبدالحمید ولد شیخ عبدالمجید اور محمد ارباز ولد محمد جہانگیر کو حراست میں لیتے ہوئے گذشتہ 9 دن سے شدید جسمانی و ذہنی اذیتیں دی جارہی تھیں۔ اس سلسلہ میں غیرقانونی محروسین کے اہل خاندان نے 27 مئی کو جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے مدد کی درخواست کی توجناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر جناب عثمان بن محمد الہاجری صدر دکن وقف پراپرٹیز پروٹیکشن سوسائٹی، جناب مرزا ساجد بیگ ایڈوکیٹ، جناب محمد عنایت توکلی نے حقوق انسانی کمیشن (ہیومن رائٹس کمیشن) سے رجوع ہوتے ہوئے محروسین کے افراد خاندان کے ساتھ غیرقانونی حراست اور اذیت رسانی کے خلاف تحریری شکایت پیش کی جس پر کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی پی شمس آباد، اے سی پی راجندر نگر کو ہدایت دی کہ غیرقانونی حراست کے خلاف کمیشن کو فوری رپورٹ پیش کریں،جس پر 30 مئی جمعہ کو شام 4 بجے پولیس راجندر نگر نے محروسین کو بغیر کسی مقدمات میں ملوث کئے غیرمشروط طور پر رہا کردیا۔

غیرقانونی محروسین کی رہائی کیلئے جناب عصمت اللہ خلیل (کنوینر سنگل سیل تعمیرملت، جناب عمر شفیق معتمد شہر مجلس تعمیر ملت)، جناب محمد شاہنواز خان (تعمیرملت)، جناب مجاہد ہاشمی عوامی مجلس عمل، جناب الیاس شمسی سکریٹری بی ایس پی تلنگانہ، مولانا سید منہاج علی، جناب محمد اعظم اکبر خان منیجنگ ایڈیٹر ایچ ایم ٹی نیوز اور جناب عبدالقدوس غوری ایڈوکیٹ کی جانب سے بھی غیرقانونی محروس نوجوانوں کی رہائی کیلئے کافی جدوجہد کی۔

رہا شدہ تمام نوجوانوں اور ان کے افراد خاندان نے جناب عثمان الہاجری اور ان کے ساتھیوں کے ہمراہ روزنامہ سیاست کے دفتر پہنچ کر جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے گلپوشی کی اور مصیبت کے وقت حالت کرفیو میں ادارہ سیاست کی جانب سے پریشان حال مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور راشن کی تقسیم کے علاوہ شہداء کے خاندان والوں، زخمی نوجوانوں اور تباہ ہونے والے مسلمانوں کی مالی مدد کرنے پر بھی جناب زاہد علی خاں اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کیلئے تمام احباب سے اظہارتشکر کیا۔ رہا شدہ افراد اور ان کے اہل خاندان نے ان تمام احباب سے اظہارتشکر کیا جنہوں نے ان کی رہائی کیلئے مسلسل کاوشیں کی جس کی وجہ سے آج ان مظلومین کی رہائی عمل میں آئی۔