کشمیر میں جنگجوؤں کے ہاتھوں پولیس ملازمین کے رشتہ داروں کا اغوا

سری نگر 31اگست (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے اضلاع میں جنگجوؤں نے مبینہ انتقامی کاروائی کے تحت جموں وکشمیر پولیس کے کم از کم دس اہلکاروں کے دس قریبی رشتہ داروں کو اغوا کرلیا ہے ۔ مغوی افراد میں بعض سینئر پولیس افسران کے قریبی رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ اغوا کاری کا یہ سلسلہ اگرچہ بدھ کے روز شروع ہوا، تاہم اس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران غیرمعمولی شدت دیکھی گئی جس دوران سات پولیس اہلکاروں کے سات قریبی رشتہ داروں کو اغوا کیا گیا۔رپورٹوں کے مطابق ریاستی پولیس نے جمعرات کو متعدد افراد بشمول اعلیٰ جنگجو کمانڈروں ریاض نائیکو اور لطیف ٹائیگر کے والدین کو حراست میں لیا۔ اس سے قبل سیکورٹی فورسز نے مبینہ طور پر کچھ جنگجوؤں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی تھی اور مکینوں کو زدوکوب کیا تھا۔ جنگجوؤں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کے رشتہ داروں کے اغوا کو اسی کا شاخسانہ قرار دیا جارہا ہے ۔ریاستی پولیس نے اغوا کے واقعات کی تصدیق کردی ہے ۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ جنوبی کشمیر میں اغوا کاری کے کچھ واقعات پولیس کی نوٹس میں آئے ہیں۔ ہم تفصیلات کو اکھٹا اور حالات کا پتہ لگارہے ہیں۔