کشمیر :سردار پٹیل ہوتے تو آج لاہور میں بھی ترنگا لہراتا :رویندر رینہ

سری نگر ۔31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ اگر 1947 میں جموں وکشمیر کو بھارت سے ملانے کی ذمہ داری سردار ولبھ بھائی پٹیل کو سونپی گئی ہوتی تو آج لاہور میں بھی ترنگا لہرا رہا ہوتا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو نے بھارت کے ساتھ غداری کی۔ رویندر رینہ بدھ کے روز یہاں ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کے جنم دن کے سلسلے میں بھاجپا کی طرف سے منعقد کی گئی ‘رن فار یونٹی’ کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا ‘1947 میں اس وقت کے کانگریسیوں اور پنڈت جواہر لال نہرو نے سردار پٹیل سے دھوکہ کیا۔ جموں وکشمیر کو چھوڑ کر سبھی نوابی ریاستوں کو بھارت سے ملانے کی ذمہ داری سردار پٹیل کو سونپی گئی۔ اگر اس وقت جموں وکشمیر امور بھی سردار پٹیل کو سونپے گئے ہوتے تو آج ہمارا ترنگا لاہور میں بھی لہرا رہا ہوتا۔ یہ وہ سردار پٹیل تھے ‘۔رویندر رینہ نے ایک بار پھر کہا کہ آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو نے بھارت کے ساتھ غداری کی۔ ان کا کہنا تھا ‘جب بھارت دیش کو آزادی ملی ، تب سب چاہتے تھے کہ سردار پٹیل کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور دی جائے ۔ اس وقت 562 نوابی ریاستیں تھیں۔ ان سب کو بھارت میں ضم کرنے کی ذمہ داری سردار پٹیل کو سونپی گئی۔جونا گڑھ اور حیدرآبادکے راجوں نے کہا کہ ہم اپنی ریاستوں کو بھارت ماتا کے ساتھ نہیں ملائیں گے ۔ سردار پٹیل نے ان ریاستوں کو تین دنوں کی مہلت دی اور کہا کہ الحاق کرو گے تو ٹھیک نہیں کرو گے تو اپنے طریقے سے کراؤں گا۔ سردار پٹیل نے مہلت ختم ہونے کے بعد ہی جونا گڑھ اور حیدرآباد میں بھارت کا جھنڈا لہرایا۔ یہ ہیں ہمارے سردار پٹیل’۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ‘ لیکن دکھ کی بات یہ ہوئی کہ اس دیش کی آزادی کے 68 سال بعد بھی کسی نے سردار پٹیل کو وہ عزت نہیں دی تھی جس کے وہ حقدار تھے ۔ اس دیش کے اندر کسی کو چچا بنا دیا گیا، کسی کو تایا بنادیا گیا، کسی کو دیش کی ماں بنادیا گیا۔ وہ سارے بے ایمان، غدار جنہوں نے ہندوستان کے ساتھ غداری کی، جنہوں نے بھارت ماتا کے ساتھ غداری کی، جو دغے باز تھے ۔ ان میں سے کسی کو چچا بنادیا گیا۔ بڑے بڑے اچکنوں میں گلاب کے پھول ڈالنے والے کو بتایا گیا کہ یہ ہمارے چچا ہیں۔ ٹھگوں کو۔ لیکن جنہوں نے قربانیاں دیں، جنہوں نے پھانسی کے پھندے اپنے گلوں میں ڈالے ، کانگریس سرکاروں نے ان کو بے عزت کیا گیا۔ اگرچہ سردار پٹیل بھی کانگریس سے جڑے تھے لیکن سچے دیش بھگت تھے ‘۔ بتادیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رویندر رینہ کی جانب سے جواہر لال نہرو کو غدار کہا گیا۔ رینہ نے 26 اکتوبر کو ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر منعقدہ ‘ولے دیوس (یوم الحاق)’ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آنجہانی نہرو ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے غدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی نہرو انگریزوں کے ساتھ ملے ہوئے تھے اور نہیں چاہتے تھے کہ جموں وکشمیر بھارت کا حصہ بنے ۔

دادی نے مجھے بہت کچھ سکھایا:راہل
نئی دہلی ۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس صدر راہل گاندھی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت کئی اہم رہنماؤں نے آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 34 ویں برسی پر ان کی سمادھی ‘شکتی استھل’ پرجاکر انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔کانگریس صدر کیساتھ بہت سے دوسرے اہم لیڈروں نے بھی شکتی استھل پر پہنچ کر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کئے ۔ گاندھی نے بعد میں ٹوئٹ کیا”دادی کو آج بہت خوشی کے ساتھ یاد کر رہا ہوں۔ انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور ناقابل یقین شفقت وپیار دیا۔