کشمیر اور راجستھان میںسردی کی لہر

سرینگر /جئے پور ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پوری وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ گیا ہے ۔ لداخ کے علاقہ میں جاریہ موسم کی سرد ترین رات منفی 8.5 درجہ سلسیس کے ساتھ ریکارڈ کی گئی ۔ تاہم آج وادی کشمیر میں سورج چمک رہا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو ٹھٹھرادینے والی سردی سے راحت حاصل ہوئی اور وہ اپنے معمولات زندگی میں مصروف ہوگئے ۔ ہفتہ واری بازار جو قلب شہر میں منعقد کئے جاتے ہیں آج پُرہجوم نظرآرہے تھے ۔ سرینگر میں اقل ترین درجہ حرارت 0.9سلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا جو معمول سے ایک درجہ کم ہے ۔ جئے پور سے موصولہ اطلاع کے بموجب راجستھان میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ درجہ حرارت پہاڑی مقام ماؤنٹابومیں 4درجہ سلسیس اور دیگر شہروں میں دھند و کہرریکارڈ کی گئی ۔ تازہ شمالی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید کمی ہوئی ۔ میدانی علاقوں میں سکرسرد ترین مقام تھا جہاں درجہ حرارت 7.6 درجہ سلسیس تھا جب کہ جئے پور میں جاریہ موسم کا سب سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔