کشمیر اور راجستھان شدید سردی کی لپیٹ میں

جے پور ؍ سرینگر ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجسھتان اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں چورو اور سری گنگا نگر میں درجہ حرارت دونوں ہی مقامات پر 2.1 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جیسلمیر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6ڈگری، بیکانیر، پلائی، بارمر، چتور گڑھ، کوٹہ، جے پور اور اجمیر میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 7.2، 7.5، 9 ، 10.7، 12، 12.2 اور 12.3 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف سرینگر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لداخ اور کارگل میں کل کی رات جاریہ موسم سرما کی سرد ترین رات تھی۔

امرناتھ یاترا کے لئے بیس کیمپ کے طور پر استعمال کئے جانے والے پہلگام ہل ریسارٹ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور اسکینگ کے لئے مشہور گلمرگ بھی شدید سردی میں جکڑا ہوا ہے اور سیاحوں کے غول کے غول جو گذشتہ دو دنوں تک کھیل سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے تھے، سردی میں شدت کی وجہ سے اپنے ہوٹل رومس اور ہاؤس بوٹس میں دبکے رہے۔ کوکرناگ، کپواڑہ اور قاضی گنڈ میں درجہ حرارت انتہائی کم ہوچکا ہے جس کا سلسلہ مزید کچھ دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔