کشمیری نوجوانوں کو نفس جہاد کا شیش پال ویدکا مشورہ

جموں ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو اگر جہاد ہی لڑنی ہے تو وہ اپنے نفس کے ساتھ جہاد لڑیں۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان اپنے سیاسی اور جغرافیائی عزائم کی تکمیل کے لئے کشمیری نوجوانوں کا استعمال کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیری نوجوان پاکستان کی بدنینی کو سمجھ نہیں پاتے ہیں اور اپنی جانیں گھنوا بیٹھتے ہیں۔ پولیس سربراہ نے کشمیری نوجوانوں کو نفس کے ساتھ جہاد لڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ‘مجھے خوشی ہے کہ بہت سارے بچے جنگجویت کو خیرآباد کہہ کر واپس اپنے گھروں کو آئے ۔انہوں نے نہ صرف اپنے آپ بلکہ اپنے کنبوں کو بھی برباد ہونے سے بچایا۔ میں چاہتا ہوں کہ باقی بچے بھی یہ سمجھیں۔ وہ بھی بربادی کا راستہ چھوڑ کر امن کی طرف آجائیں۔ خدا نے زندگی دی ہے تو اس کو کسی کے فائدہ کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے ۔ بجائے اس کے کہ کسی کو مارا جائے یا برباد کیا جائے ۔ بہتر یہی ہے کہ زندگی کو کسی کی بھلائی کے لئے استعمال کیا جائے ۔ کسی ایک کی بھی جان بچائی جائے تو وہ ایک بہت بڑا مطلب رکھتی ہے ۔ اگر آپ کو جہاد ہی لڑنی ہے تو نفس کے ساتھ لڑو۔ گولہ باری سے نہیں’۔