کشمیریوں پر تشدد رُک چکا ہے ، مزید احکام کی ضرورت نہیں : سپریم کورٹ

نئی دہلی۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے کشمیریوں پرتشدد کے خلاف مفاد عامہ کی ایک درخواست پر کہا کہ مزید کوئی حکم جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مرکز نے مطلع کیا ہے کہ 22 فروری تک ملک میں کشمیریوں پر تشدد کا کوئی تازہ واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ سپریم کورٹ نے 22 فروری کو 11 ریاستوں کے چیف سیکریٹریز اور ڈی جی پیز کے نام ہدایات جاری کی تھی تاکہ پلوامہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کے بعد کشمیریوں کے خلاف تشدد ، سماجی بائیکاٹ اور دھمکیوں کے واقعات کو روکا جاسکے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت میں ایک بینچ نے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال کا ایک بیان ریکارڈ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں پر تشدد کے مزید کوئی واقعات پیش نہیں آئے ہیں۔ بینچ نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر ہم اس نظریہ کے حامل ہیں کہ 22 فروری کو دی گئی ہدایات کے علاوہ اب مزید کوئی احکام جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

جموں و کشمیر میں ہیلی کاپٹر تباہ، 7افراد ہلاک
سرینگر ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا جسکے نتیجہ میں 7افراد ہلاک ہوگئے۔ بڈگام کے ضلع گارنیڈکلاں کے قریب یہ ہیلی کاپٹر آج صبح 10:05 بجے ایک کھلی کھیت میں گر پڑا۔ مقام حادثہ سے پانچ نعشیں برآمد ہوئیں۔ ایک متوفی کی شناخت کفایت حسین کی حیثیت سے کی گئی ہے جو مقامی ساکن بتایا گیا ہے۔ باور کیا جاتا ہیکہ دیگر چار نعشیں انڈین ایرفورس اہلکاروں کی ہوسکتی ہیں جسکی صحیح تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ نئی دہلی میں عہدیداروں نے کہا کہ یہ ایم آئی ۔ 17 ہیلی کاپٹر ہے۔