کسی بھی مقام پر بیٹنگ کیلئے تیار : پنت

ممبئی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت جنہوں نے آئی پی ایل کے ٹیم کے افتتاحی مقابلہ میں ممبئی انڈینس کے خلاف 27 گیندوں میں 78 رنز بنائے اس پر اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ انہوں نے کہاکہ ٹیم کیلئے کسی بھی مقام پر بیٹنگ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ 21 سالہ پنت نے ممبئی کے خلاف 37 رنز کی کامیابی میں اپنی برق رفتار نصف سنچری کے ذریعہ کلیدی رول ادا کیا اور اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو جہاں بھی ضرورت ہوگی اس مقام پر کھیلنے کیلئے تیار ہوں۔ نیز حالات کی مناسبت سے میں بیٹنگ کرتا ہوں جبکہ ممبئی انڈینس کے خلاف میدان پر جس وقت پہنچا اس وقت ٹیم کو تیزی سے رنز درکار تھے۔ لہٰذا میں نے جوکھم اٹھایا جس کا مجھے فائدہ بھی ہوا۔ پنت کے بموجب ٹوئنٹی 20 میں خاص کر بیٹسمینوں کو کچھ مختلف کرنا ہوتا ہے تاکہ بولروں کی حکمت عملی کو ناکام بناتے ہوئے تیزی سے رنز بنائے جاسکیں۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے پنت کے مظاہرے کی دل کھول کر تعریف بھی کی۔