کسی بھی دباؤ اور مداخلت کی پرواہ نہ کی جائے

چیف منسٹر کی کے ٹی آر کو سخت ہدایت ، ٹی آر ایس کارپوریٹر کے رویہ پر ناراضگی
حیدرآباد 27 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاری مہم میں کسی بھی مداخلت کو برداشت نہ کرنے کا واضح پیام دیا ہے۔ اُنھوں نے حکمراں ٹی آر ایس کارپوریٹر کی انہدامی کارروائی کے دوران مداخلت پر برہمی ظاہر کی اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے اُنھیں واضح ہدایت دی کہ وہ کسی بھی طرح کا دباؤ قبول نہ کریں۔ اُنھوں نے انہدامی کارروائی کی مہم میں شدت پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نالوں اور تالابوں پر جو تعمیرات کی گئی ہیں اُنھیں بہرصورت منہدم کیا جائے گا اور وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی، کارپوریٹر یا کسی بھی بااثر شخصیت کی جانب سے مداخلت کی پرواہ نہیں کی جائے گی۔ اُنھوں نے کے ٹی آر کو یہ ہدایت دی کہ انہدامی کارروائی میں شدت پیدا کریں۔ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کارپوریٹر ٹی شرون کمار کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ کی انہدامی کارروائی میں اُنھوں نے رکاوٹ پیدا کی تھی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ انہدامی کارروائی سے متاثر ہونے والوں میں اگر غریب افراد ہیں تو اُن کی نشاندہی کی جائے تاکہ اُنھیں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی اسکیم سے فائدہ پہنچایا جاسکے۔