کسانوں کی مکمل قرض معافی کیلئے شردپوار جلد ہی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرینگے

ممبئی، 28 مئی (یو این آئی) راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی سربراہ شردپوار نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے مکمل قرضہ جات کو معاف کیا جائے ۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سے وقت طلب کیا گیا ہے ۔ دو دن میں جب وزیراعلیٰ سے وقت مل جائے گا تو شردپوار وزیراعلیٰ کو یہ سمجھائیں گے کہ کیوں کسانوں کی مکمل قرض معافی دی جانی ضروری ہے ۔ یہ اطلاع آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے دی ہے ۔ نواب ملک نے کہا کہ مہاراشٹر میں خشک سالی کی صورت حال انتہائی سنگین ہے ۔ شردپوار مسلسل خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ پوار صاحب نے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کو مکمل قرض معافی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہے مویشیوںکے لئے چارہ چھاونیاں ہوں یا پینے کے لئے پانی، حکومت نے اس جانب جس طرح توجہ دینی چاہئے تھی، نہیں دی ہے ۔ کسانوں کے باغات سوکھ چکے ہیں، جس سے آنے والے دنوں میں کسانوں کو زبردست نقصان ہوگا۔ اس لئے پارٹی کا موقف یہ ہے کہ کسانوں کو مکمل طور پر قرض معافی دی جائے ۔

بہار میں کونسل انتخابات : بی جے پی اور جے ڈی یو کی نامزدگیاں داخل
پٹنہ 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) بہار کونسل کی دو خالی سیٹوں کے ضمنی انتخاب کیلئے آج بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) سے رادھا موہن شرما اور جنتا دل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) سے سنجے جھا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ ضمنی انتخاب کے پرچہ نامزدگی کے آخری دن مسٹر شرما اور مسٹر جھا نے پرچہ داخل کیا ۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی ، جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا رکن آر سی پی سنگھ ، پارلیمانی امور کے وزیر شرون کمار ، وزیر زراعت پریم کمار اور سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو سمیت بی جے پی اور جے ڈی یو کے کئی ممبران اسمبلی موجود تھے ۔ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سید خورشید محمد محسن کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی سیٹ پر ضمنی انتخاب کرایا جارہاہے ۔ تعداد کی بنیاد پر ایک سیٹ بی جے پی اور ایک سیٹ جے ڈی یو کے کھاتے میں جانی ہے ۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے مقررہ مدت ختم ہونے تک دوہی پرچے داخل کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے بی جے پی اور جے ڈی یو امیدواروںکا منتخب ہونا یقینی ہے ۔ داخل پرچوںکی جانچ کل ہوگی اور اس کے بعد ان کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیاجائے گا۔ بی جے پی کے رادھا موہن شرما کی مدت کار چھ مئی 2020 تک اور جے ڈی یو کے سنجے جھاکی مدت کار چھ مئی 2024 تک ہوگی ۔