کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈس تبدیل کرنے کا آج آخری دن کل سے کارڈس غیر کارکرد ہوجائیں گے

حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کیا آپ کے پاس بغیر ای وی ایم چپ کے اے ٹی ایم کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈس ہیں تو پھر انہیں بینکوں کے ذریعہ تبدیل کرلیجئے کیونکہ 31 ڈسمبر کے بعد سے ایسے تمام کارڈس ناکارہ ہوجائیں گے۔ قبل ازیں ریزروبینک آف انڈیا نے بھی اس کا اعلان کیا تھا۔ ماضی میں جاری کردہ میگنیٹک سے مربوط اے ٹی ایم ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈس کے ذریعہ آن لائن دھوکہ دہی میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بینکنگ شعبہ نے فیصلہ کیا تھا کہ آن لائن دھوکہ دہی کو روکنے کیلئے کھاتہ داروں کو ای وی ایم چپ والے کارڈس جاری کئے جائیں گے۔2016 تک ملک کی تمام سرکاری و غیر سرکاری بینکوں نے بغیر چپ والے کارڈس جاری کئے تھے اور فی الحال ملک کے ہر ایک علاقہ میں اے ٹی ایم کارڈس کی کلوننگ کے ذریعہ آن لائن دھوکہ بازی عام ہوچکی ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھاتہ داروں کے پیسہ کا تحفظ کرنے کے مقصد سے بینکنگ شعبہ نے میگنیٹک اسٹرپ کے ساتھ ای وی ایم چپ سے مربوط کارڈس کی اجرائی کو لازمی قرار دیا ہے۔ قدیم اے ٹی ایم کارڈ ہولڈرس کو بینکوں کی جانب سے جدید کارڈ جاری کئے جارہے ہیں اور ان کارڈس کیلئے درخواستوں کی چنداں ضرورت نہیں ہے بلکہ کھاتہ داروں کے پتہ پر راست طور پر روانہ کئے جائیں گے البتہ جدید کارڈ حاصل ہونے کے بعد کھاتہ داروں کو بینک افسران سے رجوع کرنا ضروری ہے۔