کریم نگر گریجویٹ حلقہ سے جیون ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

حیدرآباد ۔ 28۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے کریم نگر گریجویٹ حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ عادل آباد ، کریم نگر ، نظام آباد اور میدک اضلاع پر مشتمل گریجویٹ حلقہ کی اس نشست کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ وہ راہول گاندھی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایم ایل سی امیدوار کی حیثیت سے انہیں منتحب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ فیس باز ادائیگی اسکیم پر عمل آوری روک دی گئی جس سے طلبہ کئی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل میں وہ عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کریں گے ۔ ان کے ہمراہ پردیش کانگریس کے کارگزار صدر پونم پربھاکر اور صدر ضلع کانگریس مرتنجیم اور دوسرے موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے عوام کو قرض میں مبتلا کردیا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ریاست کے قرض کو 60,000 سے بڑھاکر ایک لاکھ کروڑ تک پہنچادیا ۔ تلنگانہ میں پیدا ہونے والے ہر بچہ پر ایک لاکھ روپئے کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں بہتر مظاہرہ کرے گی۔ گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ کی نشستوں کیلئے 22 مارچ کو رائے دہی مقرر ہے۔