کرکٹ بورڈ چار روزہ ٹسٹ کا مخالف

فلوریڈا ، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی سی سی آئی انوراگ ٹھاکر نے واضح کردیا کہ جہاں وہ ڈی آر ایس کو ’ہاک آئی‘ کے استعمال کے بغیر قبول کرلینے کیلئے تیار ہیں، وہیں دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ چار روزہ ٹسٹ میچز اور ’ٹو۔ٹیئر‘ سسٹم کے بارے میں آمادہ نہیں ہے۔ ٹھاکر نے ’ ای ایس پی این کرک انفو‘ کو طویل ترین فارمٹ میں ممکنہ ردوبدل کے تعلق سے پوچھنے پر بتایا کہ اگر آپ کے پاس نقص سے پاک فارمٹ نہیں ہے تو کسی تبدیلی سے کرکٹ کے کھیل کا کیا بھلا ہوگا۔ اور کہا کہ وہ تماشائیوں کو میدان پر واپس لانے کی تجاویز پر غور کریں گے۔
سونی پکچرز نے ٹین اسپورٹس حاصل کرلیا
ممبئی ، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) میڈیا فرم سونی پکچرز نٹ ورکس انڈیا (ایس پی این) نے آج کہا کہ اس نے ٹین اسپورٹس نٹ ورک کو زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزس سے 385 ملین ڈالر کے عوض حصول کیلئے قطعی معاہدہ پر دستخط کردیئے ہیں۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ایس پی این اور اس کے ملحق اداروں نے زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزس لمیٹیڈ اور اس کی ذیلی کمپنیوں سے 385 ملین ڈالر کر عوض TEN اسپورٹس نٹ ورک کے حصول کیلئے قطعی معاہدے کرلئے ہیں۔ ٹین اسپورٹس چیانلز برصغیر ہند کے بشمول کئی ممالک میں کام کرتے ہیں۔