کرپشن کے ملزم تنزانیہ کے وزراء کی برطرفی کیلئے اجلاس

دارالسلام۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ تنزانیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے کئی اعلیٰ سطحی عہدیداروں بمشول 2 کابینی وزراء کو لاکھوں ڈالر جعلسازی کے اسکینڈل میں جو برقی توانائی کے شعبہ میں کیا گیا ہے، برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ افریقی ملک کی پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر رائے دہی کروائی گئی تھی جس میں اٹارنی جنرل فریڈرک ویریما، وزیر برقی توانائی سوس پیٹر موہونگو، وزیر اراضیات اینا تبائی جوکا اور وزیر برقی توانائی ایلیا کم ماسوی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آڈٹ میں نشاندہی کی گئی تھی کہ 12 کروڑ امریکی ڈالر کے قریب سرکاری رقم دھوکے بازی کے ذریعہ ایک خانگی کمپنی کو ادا کی گئی ہے۔ اس کے بعد ان عہدیداروں اور وزراء کی برطرفی کے مطالبہ پر پارلیمنٹ کے اجلاس میں رائے دہی کروائی گئی تھی۔