کرپشن کے خلاف ہیلپ لائن کا حوصلہ افزاء رد عمل

پہلے دن 4500 کالس موصول ہوئے،رشوت خوروں میں دہشت :کجریوال
نئی دہلی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت دہلی کی کرپشن کے خلاف قائم کردہ ہیلپ لائن پر پہلے دن تقریباً 4500 فون کالس موصول ہوئے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی جانب سے کرپشن کی روک تھام کیلئے شروع کی گئی ہیلپ لائن جمعرات سے کارکرد ہوچکی ہے اور اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ ابتدائی 3 گھنٹوں (8بجے صبح تا 11بجے دن ) 3200سے زائد فون کالس موصول ہوئے تھے۔ عوامی رد عمل کو دیکھتے ہوئے آپریٹرس کی تعداد کو 12 سے بڑھاکر 30 کردیا گیا ہے۔ کجریوال نے چہارشنبہ کو ہیلپ لائن 011-27357169کا افتتاح کیا اور انہوں نے کہا تھا کہ اس کے ذریعہ شہریوں کی بدعنوان افراد کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔ کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس ہیلپ لائن نمبر نے دہلی کے ہر شہری کو اینٹی کرپشن انسپکٹر بنادیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی ویجلنس ڈپارٹمنٹ کی ایک ٹیم بھی کسی معاملے پر شکایت اور کارروائی کیلئے تیار ہیں ۔ اس ہیلپ لائن کے ذریعہ شکایت موصول ہونے کے بعد ذمہ دار شخص کے اطراف جال بچھادیا جائے گا اور ثبوت پیش کرنے کے اندرون 24 گھنٹے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

اس ہیلپ لائن کے ذریعہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر کوئی سرکاری عہدیدار اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کیلئے رشوت طلب کریں تو وہ فوری اطلاع دیں ۔ یہ ہیلپ لائن 8 بجے صبح تا 10 بجے شب ، کال سنٹر کی طرح کام کرے گی ۔ عام آدمی پارٹی کنوینر نے کہا کہ ہم اس ہیلپ لائن نمبر کو مزید آسان بنانے کی کوشش کریں گے اور مستقبل قریب میں یہ صرف چار عدد پر مشتمل ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس کا مقصد سرکاری عہدیداروں میں دہشت پیدا کرنا ہے ۔ انہیں کسی سے رقم طلب کرتے ہوئے خوف ہونا چاہئے ۔ انہیں یہ اندیشہ رہے کہ بات چیت کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے اور اسے رشوت لیتے ہوئے پکڑا جاسکتا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ اکثر سرکاری عہدیدار اور ملازمین دیانتدار ہیں لیکن ان میں چند ہی ایسے ہیں جن کی وجہ سے بدنامی ہورہی ہے اور ہم ان کی نشاندہی کرتے ہوئے جیل بھیج دیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کو سنجیدگی کے ساتھ لیا جارہا ہے اور اینٹی کرپشن کی ٹیم شکایت کنندہ کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔