کرپشن پرسمجھوتہ کا سوال ہی نہیں ہوتا

شیلا ڈکشٹ ہو یا کوئی اور معاف نہیں کیا جائے گا : کجریوال
نئی دہلی۔5جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج واضح کیا کہ کرپشن کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ اگر کوئی شخص خواہ وہ شیلا ڈکشٹ ہوں یا کوئی بی جے پی رکن یا پھر ان کی پارٹی کا کوئی رکن ہو اسے معاف نہیں کیا جائے گا ۔ کجریوال نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر ہرش وردھن نے ان سے کہا ہیکہ شیلا ڈکشٹ کے خلاف کارروائی کریں ‘ میں نے انہیں جواب دیا کہ وہ ثبوت فراہم کریں جس پر یقیناً کارروائی کی جائے گا ۔ کجریوال نے کہا کہ کرپشن میں ملوث رہنے والے کسی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا اور کرپشن کے معاملہ میں سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ وہ اپنی ساری زندگی کرپشن کے خلاف لڑتے رہیں گے ۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ریاستی ویجلنس ڈپارٹمنٹ کو ازسرنو فعال بنارہی ہے جسے پیشرو حکومتوں نے نظرانداز کردیا تھا اور اس کا وجود بے معنیٰ ہوگیا تھا ۔ انہوں نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات یقینی بنانے کا بھی اشارہ دیا ۔