کروڑہا روپیوں کے ذریعہ کسانوں کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ

ریاست کی خوشحالی میں کسانوں کا اہم کردار : وزیر فینانس ایٹالہ راجندر
شمس آباد ۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) راجندر نگر اگریکلچرل یونیورسٹی میں نئے سال کی ڈائری اور کسانوں کی تہنیتی تقریب میں ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے شرکت کرتے ہوئے اپنی مخاطبت میں کہا کہ اگریکلچرل یونیورسٹی میں ملازمین سبکدوش ہونے کے باوجود ایک فاؤنڈیشن قائم کرتے ہوئے کسانوں کی بھلائی کے لئے خدمت انجام دے رہے ہیں جس سے ہر محکمہ کو بھی سبق حاصل کرنا چاہئیے ۔ ریاست کی ترقی کیلئے حکومت بھی اقدامات کرتے ہوئے کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے ۔ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے مقصد سے بھی کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ تعلیم کے ساتھ ہمیں تجربہ کی بھی ضرورت ہے ۔ تجربہ کے ذریعہ ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ کے چندرا شیکھر راؤ بھی ایک کسان گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ کھیتی کرتے ہیں ۔ کے سی آر کو اپوزیشن بدنام کرنے کیلئے گجویل کے قریب واقع فارمر (Farmer) ہاؤس کو فارم ہاؤس کا نام دے رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت نے نئی ریاست کی ترقی کے لئے کوشش کرتے ہوئے کئی اقدامات کئے اور کئی اہم کارناموں کو انجام بھی دیا ۔ 24 گھنٹے برقی سربراہی صرف ٹی آر ایس حکومت ہی دینے میں کامیاب ہوئی جبکہ دیگر حکومتوں کے دور میں کسانوں کو صرف 6 تا 9 گھنٹے تک برقی سربراہی دی جاتی تھی ۔ کے سی آر نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے مشن کاکتیہ کے تحت تالابوں ، کنٹوں کی صفائی کروائی تاکہ بارش کا پانی اس میں جمع ہوسکے اور موسم گرما میں پانی کی قلت سے بچاجاسکے ۔ ریونیو ریکارڈ سروے کروایا گیا جس کے ذریعہ ہزاروں کسانوں کو فائدہ ہوا ۔ ہریش راؤ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ہمیشہ ہر ترقیاتی کام کے آغاز کے ساتھ ہی اس میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں بھی رکاوٹ پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے ہر شعبہ کی ترقی کے لئے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا گیا ۔ کسانوں کی ترقی کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کی خوشحالی میں کسان بھی اہم رول ادا کررہے ہیں ۔