کروناندھی کی بڑے بیٹے الاگیری کو سخت وارننگ

چھوٹے بیٹے پر مہربانی، دونوں بھائیوں کے اختلافات میں شدت
چینائی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے کے پریشان حال لیڈر اور پارٹی صدر ایم کروناندھی کے بڑے بیٹے الاگیری آج مزید پریشانیوں میں پھنس گئے جب ان کے والد نے ڈی ایم ڈی کے ساتھ مفاہمت کے ان کے تبصروں پر سرزنش کی اور وارننگ کے طور پر اشارہ دیا کہ مدورائی میں سرگرم الاگری کو پارٹی خطوط کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں تادیبی کارروائی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ فی الحال کروناندھی کے بڑے بیٹے الاگیری اور چھوٹے بھائی ایم کے اسٹالن کے درمیان قیادت پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے رسہ کشی جاری ہے۔ اس دیرینہ رقابت کے درمیان ڈی ایم ڈی کے کیساتھ ڈی ایم کے کی انتخابی مفاہمت پر رضامندی پر الاگیری نے سوال اُٹھایا تھا جو اب خود ان کے لئے اُلجھن و پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔

کروناندھی نے جو جنوبی شہر مدورائی کے مرد آہن اپنے بڑے بیٹے الاگیری کی سرزنش ایک ایسے وقت کی ہے جس سے کچھ عرصہ قبل ان کے علاقہ کی تمام مقامی ڈی ایم کے یونٹوں کو گروپ بندیوں کا شکار ہوجانے کی شکایت پر برخاست کردیا تھا۔ سابق مرکزی وزیر الاگیری کو واضح اشارہ دیتے ہوئے کروناندھی نے اپنے چھوٹے بیٹے اسٹالن کے حامیوں پر مشتمل اڈھاک کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔ اسٹالن نے جنھیں اپنے والد کا غیرمعمولی آشیرواد حاصل ہے کل تریچورا پلی میں اپنے بڑے بھائی اور کٹر سیاسی حریف کو برسرعام نظرانداز کردیا۔ اسٹالن نے نہ صرف ڈی ایم ڈی کے کیساتھ اپنی پارٹی کی مفاہمت کی تائید کی بلکہ وجئے کانت کی اس پارٹی سے مفاہمت کے خلاف الاگیری کے ریمارکس پر ایک سوال کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ وہ اخبارات میں اس قسم کے غیرضروری بیانات نہیں پڑھتے۔