کرنسی نوٹ بحران پر پارلیمنٹ میں تعطل افسوسناک

فوری مباحث پر زور ، ٹی آر ایس ایم پی جتیندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے کرنسی نوٹ بحران پر پارلیمنٹ میں تعطل کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس مسئلہ پر فوری مباحث کے آغاز کی مانگ کی۔ لوک سبھا میں آج اس مسئلہ پر اپوزیشن کے احتجاج کے دوران جتیندر ریڈی نے کہا کہ برسراقتدار اور اپوزیشن جماعتوں کو ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرتے ہوئے مباحث کا آغاز کرنا چاہیئے۔ ایوان کا وقت ضائع کرنے کے بجائے دونوں کو باہم اتفاق رائے کے ذریعہ مباحث کے آغاز کی راہ ہموار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم مسئلہ پر اپوزیشن کے احتجاج کے سبب پارلیمنٹ میں ابھی تک مباحث کا آغاز نہیں ہوا اور اپوزیشن اور برسراقتدار جماعت مباحث کیلئے اپنی شرائط پر قائم ہیں۔ جتیندر ریڈی نے اسپیکر لوک سبھا کو مشورہ دیا کہ وہ کوئی درمیانی راہ تلاش کرتے ہوئے کسی ایک قاعدہ کے تحت مباحث کے آغاز کو یقینی بنائیں تاکہ حکومت کے اس فیصلہ سے عوام کو درپیش مشکلات سے حکومت کو آگاہ کیا جاسکے۔ جتیندر ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کیاش لیس اکانومی کے اقدامات کے بعد سے تلنگانہ حکومت نے اس سمت میں پیشرفت کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کیاش لیس اکانومی کی سمت کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت معاشی اصلاحات اور عوامی تکالیف دور کرنے کیلئے بیک وقت اقدامات کررہی ہے۔