کرناٹک کے ساتھ سوتیلاسلوک کرنے کا مرکز پر الزام

بنگلورو۔5؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ ریاست کا بیشتر حصہ سنگین خشک سالی کا شکار ہے۔ ایسی صورتحال میں مرکزی حکومت کو چاہئے تھاکہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر ایک ٹیم روانہ کرتی، لیکن ریاست کے ایک کل جماعتی وفد کی طرف سے وزیراعظم سے نمائندگی کے باوجود مرکزی حکومت نے اب تک کوئی ٹیم روانہ نہیں کی ، جس سے ظاہر ہوتاہے کہ مرکزی حکومت کرناٹک کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے۔ آج رائچور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی کابینہ کی سب کمیٹی کی میٹنگ کے بعد وزیر مالگذاری وی سرینواس پرساد کی قیادت میں ایک الگ ٹیم نے بھی وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی ،لیکن وزیر اعظم نے اس مرحلہ میں اپنے طور پر یقین دلایاتھاکہ خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جلد ہی وہ ایک ٹیم روانہ کریں گے۔ وزیراعظم کی اس یقین دہانی کے بعد یہ بھروسہ کرلیا گیا کہ وہ جلد ہی ٹیم روانہ کردیں گے، مگر افسوس کہ انہوں نے اپنے وعدہ کو نہیں نبھایا۔