کرناٹک میں کانگریس 20اور جنتادل ایس کا 8 نشستوں پر مقابلہ

نشستوں کی تقسیم پر مسلسل بات چیت کے بعد دیوے گوڑا نے معاہدہ کو قطعیت دیدی
بنگلور ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس 20 حلقوں پر اور جنتادل ایس 8 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ دونوں حکمراں اتحادی حلیف پارٹیوں میں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر کئی ہفتوں کی بات چیت کے بعد آج قطعی فیصلہ کیا گیا۔ آج شام کیرالا کے کوچی مقام پر جہاں صدر کانگریس راہول گاندھی اور جنتادل ایس سکریٹری دانش علی نے ملاقات کی۔ اس معاہدہ کو منظوری دی گئی۔ لوک سبھا حلقوں کیلئے جنتادل ایس، اترکنڑا، چکمگلورو، شیموگا، ٹمکور، ہاسن، مانڈیا، بنگلور نارتھ اور وجئے پورا سے مقابلہ کرے گی۔ جنتادل ایس نے اپنے سرکاری ٹوئیٹر پر ان حلقوں سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ جنتادل ایس نے 2014ء کے عام انتخابات میں ہاسن اور مانڈیا لوک سبھا حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس نے 9 نشستوں پر اور بی جے پی نے 17 پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے بیلاری سیٹ کانگریس کیلئے ہار گئی۔ نئی دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کی حالیہ ملاقات کے بعد نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ کو حل کرلیا گیا۔ 28 لوک سبھا حلقہ کے منجملہ 10 حلقوں پر جنتادل ایس مقابلہ کرنا چاہتی تھی لیکن کانگریس نے اپنے لئے 20 نشستیں حاصل کرلی۔