کرناٹک میں مسلمانوں کو 6فیصد تحفظات دینے کا مطالبہ

گلبرگہ30؍جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ): حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم گلبرگہ نے ریاست کی کانگریس آئی حکومت سے سماجی انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کے لئے جسٹس روی ورما کمیشن کی سفارشات کو مکمل نافذ کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ الحاج آر روشن بیگ ریاستی وزیر امور حج اطلاعات و بنیادی سہولیات حکومت کرناٹک کے دورہ گلبرگہ کے موقع پر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم گلبرگہ کے نمائندہ وفد نے ایوان شاہی گلبرگہ میں ملاقات کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ جسٹس روی ورم کمیشن کی سفارشات کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے چیف منسٹر سدرامیا اور حکومت پر اثر انداز ہوں۔ عبدالنبی کاڈلور سابق رکن پسماندگہ طبقات کمیشن حکومت کرناٹک نے جناب آر روشن بیگ کو بتایا کہ سدرامیا حکومت ریاست میں سماجی انصاف کو قائم کرنے اور تمام پسماندہ و پچھڑے طبقات کی مجموعی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ اے سی کاڈلور نے کہا کہ اگر سدرامیا حکومت حقیقی معنوں میں اقلیتوں کے بشمول تمام پسماندہ طبقات کی مجموعی ترقی کی خواہاں ہیں اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا چاہتی ہے تو اُسے روی ورما کمیشن کی سفارشات کے مکمل نفاذ کے اقدامات کرنے چاہئے ، انہوں نے مزید کہا کہ روی ورما کمیشن کی سفارشات کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں6فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لئے سدرامیا حکومت کو جرأتمندانہ فیصلہ لینے کی ضرورت ہے ۔ محمد معراج الدین کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے الحاج روشن بیگ سے کہا کہ وہ ملت کے ہمدرد رہنماء کی حیثیت سے مقبول ہیں ۔ انہیں روی ورما کمیشن کی سفارشات کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں 6فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ محمد معراج الدین نے مزید کہا کہ حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم گلبرگہ روی ورما کمیشن کی سفارشات کو لاگو کرنے کے لئے مطالبہ عوامی تحریک چلائے گا۔ عوامی تائید حاصل کرنے اور بیداری لانے کے لئے جلسوں اور سمینارس کا انعقاد کریگا، انہوں نے ایک مسلم رہنماء کی حیثیت سے روشن بیگ سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ روی ورما کمیشن کی سفارشات کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے قائدانہ رول ادا کریں گے ۔ روشن بیگ نے وفد سے بنگلور آنے کی خواہش کی تاکہ روی ورما کمیشن کی سفارشات کا مکمل جائزہ لتے ہوئے ان کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنے کا لائحہ عمل ترتیب دیا جاسکے ۔ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست، سید حفیظ اللہ زنجانی جاگیردار، ڈاکٹر مراز منیر بیگ، حفیظ احمد صدیقی ایڈوکٹ ، روشن بیگ سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل تھے ۔