کرناٹک میں سڑک حادثہ ۔ تین سالہ لڑکی سمیت 12باراتی ہلاک

بنگالورو30اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک تین سالہ لڑکی سمیت 12باراتی ہلاک اور دیگر30افراد زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ کرناٹک کے مانڈیا ضلع کی مدور ۔کنیگل شاہراہ پر اُس وقت پیش آیا جب باراتیوں کو لے جارہی گاڑی کے ڈرائیور نے دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کے کوشش کے دوران اس کا توازن کھودیا اور یہ گاڑی سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گئی ۔یہ حادثہ کل شب پیش آیا۔اس گاڑی میں 60باراتی تھے جو اراساناہلی اور دیگر علاقوں سے میسورو جارہے تھے ۔دلہن کی بہن بھی مہلوکین میں شامل ہے ۔اس حادثہ کے سبب دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مدور اسپتال اور مانڈیا کے دسٹرکٹ اسپتال میں بقیہ افراد کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔مرنے والوں کی شناخت جئے اماں،پارواتماں،مدمماں، شیوانا،سانماں،سروجماں، پوجا اور شروتی کے طور پر کی گئی ہے جبکہ دیگر مرنے والوں کی ہنوز شناخت نہیں ہوسکی۔یہ تمام دلہن کے رشتہ دار تھے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں افراد جمع ہوگئے ان میں مرنے والوں کے رشتہ دار بھی شامل تھے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ در ج کرکے جانچ شروع کردی۔