کرناٹک :حکومتی تیقن کے باوجود ڈاکٹر ذاکر نائک کا پروگرام ملتوی

منگلورو 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کمشنر آف پولیس منگلورو ایس مروگن نے مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائک کے 2 جنوری کو دورۂ منگلورو کی اجازت نہیں دی ہے حالانکہ کرناٹک کی ریاستی حکومت نے مکمل حمایت کا تیقن دیا تھا جبکہ منتظمین ریاستی وزیرداخلہ سے رجوع ہوئے تھے۔ کرناٹک کے ممتاز مسلم رہنماؤں نے پولیس کی جانب سے اس امتناع کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ڈاکٹر نائک کو پیس میٹ میں شرکت اور خطاب کی اجازت دینے سے انکار اُنھیں دستوری حقوق سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ اطلاعات کے بموجب یہ پروگرام ملتوی کیا جاچکا ہے اور اسے دو ماہ بعد اُسی مقام پر منعقد کرنے کے لئے کہا گیا ہے جس کے لئے اجازت طلب کی گئی تھی۔ گزشتہ روز آرگنائزرس کی طرف سے اسمٰعیل شفیع نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹر نائک کے دورہ پر یہ امتناع غیر دستوری ہے۔ وہ نامور ہمہ مذہبی اسکالر ہیں۔ ہم نے وزیرداخلہ جی پرمیشور سے ملاقات کی جنھوں نے اب ہمیں یہ ایونٹ 2 ماہ کے لئے ملتوی کردینے کا مشورہ دیا ہے۔

 

کیرتی آزاد کو نوٹس وجہ نمائی
نئی دہلی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے معطل رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد کو نوٹس وجہ نمائی جاری کی اور اندرون 10 یوم یہ وضاحت طلب کی کہ مخالف پارٹی سرگرمیوں اور ڈسپلن شکنی کی بنا انہیں برطرف کیوں نہ کیا جائے ۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ کیرتی آزاد کے جواب پر ان کی پارٹی سے برطرفی کا انحصار ہوگا ۔