کرشنا کی طوفانی فاسٹ بولنگ توجہ کا مرکز

کولکتہ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزرس حیدرآبادکیخلاف میچ کی پہلی ہی گیند کرشنا نے 150 کلو میٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ کی رفتار سے پھینکی اور اپنی بولنگ رفتار سے سب کو حیران کردیا۔ کرشنا کی گیند کی رفتار 153.6 کلو میٹر فی گھنٹہ درج کی گئی۔ ایک ہندوستانی بولرکیلئے یہ کافی بڑی بات ہے۔ موجودہ دور میں محمد سمیع اور جسپریت بمراہ ہی 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں پھینکنے کی قابلیت رکھتے ہیں جبکہ کرشنا کی گیند کی رفتار 153.6 کلو میٹر فی گھنٹہ درج کی گئی۔کرشنا نے یہ گیند ڈیوڈ وارنر کو پھینکی تھی۔ انہیں یہ گیند کھیلنے میں کافی پریشانی ہوئی۔ کرشنا کی یہ گیند یارکر تھی ۔ یہی نہیں کرشنا نے اسی اوورکی پانچویں گیند پر جانی بیرسٹو کو بھی کافی پریشان کیا۔ کرشنا نے اپنی رفتار سے بیرسٹو کا ابڈامینل گارڈ بھی توڑ ڈالا۔ تیز رفتار بولنگ سے کرشنا نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ خیال رہے کہ اس میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے آندرے رسل کی طوفانی اننگز کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ رسل نے 19 گیندوں پر 49 رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی۔