کرسچن کالونی پر دہشت گردوں کا حملہ، 5 ہلاک

پشاور, 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں عیسائیوں کی ایک رہائشی کالونی پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک عام شہری اور 4مشتبہ دہشت گردوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 2 نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی انٹرسرویسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ دہشت گردوں نے پشاور کے وارسک روڈ پر کرسچن کالونی پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور 4 خودکش بمباروں کو ہلاک کردیا۔ ڈان نیوز کے مطابق صبح 5:50 بجے پر مسلح دہشت گرد پشاور کے وارسک روڈ پر کرسچن کالونی میں داخل ہوگئے ۔علاقے سے فائرنگ کی آوازیں بھی وقفہ وقفہ سے سنائی دیتی رہیں۔حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس مذکورہ علاقے میں پہنچی، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔کرسچن کالونی اور اطراف کے علاقوں کی فضائی نگرانی بھی شروع کردی گئی جبکہ سیکیورٹی اداروں کے ہیلی کاپٹرز فضاء میں موجود رہے ۔حملے کی اطلاع سامنے آتے ہی پشاور کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔