کرسمس کے موقع پر غریب عیسائیوں میں ملبوسات کی تقسیم

ظہرانہ کا بھی اہتمام، 15 کروڑ 37 لاکھ مختص، پروگرام کو قطعیت حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد۔ 30 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کرسمس تقاریب کے انعقاد کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کی تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر اور اضلاع میں مختلف پروگراموں کو قطعیت دی گئی ۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی ، کمشنر پولیس سائبر آباد سی وی آنند ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر ، مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن ایم وکٹر کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے رمضان المبارک کی طرح کرسمس کے موقع پر تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں غریب عیسائی خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم اور لنچ کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں 15 کروڑ 37 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ دو لاکھ غریب خاندانوں میں ملبوسات کے پیکیج تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ منتخب کئے گئے گرجا گھروں کے پاس مفت لنچ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں نے بتایا کہ یہ مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹنڈرس کی جانچ اور انہیں منظوری کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تمام مذاہب کے تہواروں کو سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کرچکی ہے تاکہ ریاست میں ہم آہنگی اور رواداری کا ماحول برقرار ہے۔ ملبوسات کی تقسیم اور لنچ کیلئے پکوان کے انتظامات کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہر میں کسی مرکزی مقام پر کرسمس تقاریب میں حصہ لیں گے ۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر شہر اور اضلاع کی منتخب 200 مساجد میں افطار اور طعام کا اہتمام کیا گیا تھا اس کے علاوہ دو لاکھ غریب خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے گئے۔ اے کے خاں نے حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس کمشنرس سے اس پروگرام کی کامیابی کیلئے تعاون کی خواہش کی ہے۔