کرد جنگجوؤں کے ہاتھوں 22 داعش جہادی ہلاک

دمشق ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرد جنگجووں نے داعش کے جہادیوں پر حملہ کر کے 22جہادیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کوبانی سے داعش کا قبضہ واپس لینے کے بعد کرد جنگجووں کی پہلی بڑی کارروائی ہے۔ تاہم کوبانی کے ارد گرد اب بھی سینکڑوں دیہات پر داعش کا قبضہ جاری ہے۔شام کی صورتحال کو مانیٹر کرنے والی آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان کے مطابق ان بائیس جہادیوں میں سے داعش کے انیس جہادی کوبانی کے مغرب میں پہاڑی علاقے منازا میں ایک جھڑپ میں مارے گئے ہیں۔اس موقع پر کرد ملیشیا نے ایک جنگجو کو زندہ بھی گرفتار کیا ہے۔ واضح رہے کردوں نے پیر کے روز اہم سرحدی قصبے کوبانی سے داعش کو ماربھگا کر قصبے پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا۔ داعش نے شام اور عراق میں سرحد کے آر پار وسیع علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔کوبانی پر قبضہ کرنے سے پہلے کرد ملیشیا نے کوبانی کے 5 نزدیکی دیہات کو پہلے ہی قبضے میں لے لیا تھا۔ البتہ کوبانی کے ارد گرد کے 350 دیہات پر اب بھی داعش کا کنٹرول ہے۔آبزرویٹری کے مطابق داعش نے مغربی علاقے میں ایک عام شہری کو ہلاک کر دیا ہے۔ رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ کوبانی کے مضافات میں لڑائی کا خاتمہ ابھی دور نظر آتا ہے۔داعش کے قبضے کے خاتمے کے بعد کوبانی پہنچنے والے ایک صحافی کا کہنا ہے کہ اس نے بھاری اسلحے سے لیس جنگجوئوں کو دیکھا ہے، جو صحرائی علاقوں کے علاوہ بھی نظر آتے ہیں۔ حتیٰ کہ کوبانی کی گلیوں بھی موجود ہیں۔